28 دسمبر ، 2020
پاکستان کی نمبر ون بیڈ منٹن پلیئر ماحورشہزاد کا کہنا ہے کہ کووڈ 19 کی وجہ سے 2020 میں اہداف مکمل نہیں ہو سکے۔
ماحور شہزاد نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ 2020 کا آغاز شاندار تھا، زیادہ سے زیادہ ایونٹس کھیل کر ٹاپ 100 میں شامل ہونا ٹارگٹ تھا لیکن عالمی رینکنگ کو بہتر نہیں بنا سکی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے جنوری میں چوتھی مرتبہ نیشنل بیڈمنٹن چیمپئین شپ جیتی، فروری میں یوگنڈا میں برانز میڈل جیتا، کینیا میں سلور میڈل جیتا تو کیرئیر کی بہترین رینکنگ 133 ہوگئی۔
ماحور شہزاد کا کہنا تھا کہ اگلا ہدف یہی تھا کہ زیادہ سے زیادہ ایونٹس میں شریک ہوں تاکہ میں اپنی عالمی رینکنگ کو ٹاپ 100میں لے آؤں، 2019 میں، میں نے بیرون ملک ٹریننگ بھی کی، اس برس بھی بیرون ملک ٹریننگ پر جانے کا پلان تھا مگر کووڈ کی وجہ سے کوئی بھی پلان مکمل نہ ہو سکا اور نہ ہی کوئی ٹارگٹ حاصل ہوا۔
انہوں نے کہاکہ میں اکیلی نہیں ہوں کہ کورونا وائرس کی وجہ سے یہ سال اچھا نہیں رہا بلکہ میری طرح بہت سے کھلاڑی ہیں، بیڈمنٹن کورٹس بند ہونے کی وجہ سے بہت نقصان ہوا ہے، ٹریننگ کا اس طرح موقع نہیں مل سکا جس طرح موقع ملنا چاہیے تھا، اسی طرح جہاں کھیل پر فرق پڑا ہے وہاں فزیکل فٹنس بھی متاثر ہوئی ہے کیونکہ گھر پر رہتے ہو ئے جس حد تک ٹریننگ کر سکتی ہوں کررہی ہوں۔
ماحور شہزاد کا کہنا تھا کہ کرکٹ، ہاکی اور اسکواش سمیت کئی کھیل شروع ہو چکے ہیں، امید ہے کہ 2021 میں بیڈمنٹن سمیت دیگر کھیلوں کا بھی آغاز ہوگا، کووڈ پروٹوکولز کے مطابق کھیلوں کی سرگرمیاں شروع ہونی چاہیئں کیونکہ کھلاڑیوں کو متحرک اور فٹ رکھنے کے لیے مقابلے بہت ضروری ہیں۔