Time 29 دسمبر ، 2020
پاکستان

کراچی: شراب پی کر گاڑی چلانے والے اب آسانی سے پکڑے جائیں گے

فائل فوٹو

کراچی میں شراب پی کر گاڑی چلانے والوں کے لیے بری خبر ہے کہ اب کراچی ٹریفک پولیس الکوحل بریتھ ٹیسٹر کی خریداری کرنے جا رہی ہے جس کے لیے اخبارات میں ٹینڈر دیا جا چکا ہے۔

پاکستان میں اگرچہ یہ آلہ نئی چیز ہوگی لیکن دنیا کے بیشتر ترقی یافتہ ملکوں میں پولیس ڈرائیونگ کرنے والوں یا کام کے دوران نشہ کرنے والے مشتبہ افراد کو ڈیجیٹل الکوحل ٹیسٹر کے ذریعے چیک کرتی ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک کے انتظامی افسر ڈی ایس پی سعید آرائیں کے مطابق کراچی میں گاڑیوں کے بیشتر حادثات شراب پی کر ڈرائیونگ کرنے کی وجہ سے پیش آتے ہیں جس سے کافی جانی نقصان ہوتا ہے۔ 

سعید آرائیں نے بتایا کہ اس آلے کو  پہلے مرحلے میں کراچی میں شراب پی کر گاڑی چلانے والوں پر استعمال کیا جائے گا جس کے لیے 90 الکوحل ٹیسٹر کٹس منگوانے کی تیاری کی جا چکی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ٹینڈر ملنے کے بعد ٹریفک پولیس کو الکوحل ٹیسٹر مشین کا سمپل مل گیا ہے، ٹریفک پولیس کی پرچیز کمیٹی کی جانب سے یہ آلہ خریدنے کی منظوری ملنے کے بعد معیار پر پورا اترنے والی کمپنی کو آرڈر دے دیا جائے گا۔ 

سعید آرائیں کا کہنا تھا کہ نشے کی حالت میں گاڑی چلانے والے افراد کا موقع پر ہی چالان کیا جاسکے گا جب کہ مشین کی فوری رپورٹ آنے پر ایسے افراد کی گرفتاری بھی ممکن ہوسکے گی۔

اس سے قبل شراب پینے والے افراد کو گرفتاری کے بعد طبی معائنے کے لیے سرکاری اسپتالوں میں لے جایا جاتا ہے جہاں میڈیکو لیگل آفیسر پرانے طریقہ کار کے مطابق ایسے افراد کے ٹیسٹ کرتے ہیں۔ 

عام طور پر یہ طریقہ کار شفاف نہیں ہوتا بلکہ ڈاکٹرز یا پولیس ایسے پکڑے گئے افراد سے مبینہ طور پر جوڑ توڑ کرکے میڈیکل رپورٹس منفی بنوا دیتے ہیں۔ 

طبی ماہرین کے مطابق الکوحل استعمال کرنے کے چند گھنٹے بعد ٹیسٹ لیا جائے تو رپورٹ منفی آتی ہے، پکڑے گئے افراد سے جوڑ توڑ کے بعد پولیس یا اسپتال کے ڈاکٹر تاخیری حربے استعمال کرکے ایسی رپورٹس بناتے دیکھے جاتے ہیں۔

مزید خبریں :