30 دسمبر ، 2020
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے 2 ارکان قومی اسمبلی نے استعفوں کی تصدیق سے انکار کردیا۔
مرتضیٰ جاوید عباسی اور سجاد اعوان سیکرٹری قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہوئے اور دونوں نے استعفوں کو جعلی قرار دے دیا۔
ارکان کا کہنا تھا کہ انھوں نے قیادت کو استعفے بھیجے تھے پتا نہیں قومی اسمبلی تک کیسے پہنچ گئے جبکہ دونوں ارکان اسمبلی نے اپنا تحریری جواب اسپیکر آفس میں جمع کرا دیا۔
خیال رہے کہ محمد سجاد اعوان قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 14 تورغر جبکہ مرتضیٰ جاوید عباسی این اے 15 ایبٹ آباد ون سے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر رکن منتخب ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی اسمبلی مرتضی عباسی اور سجاد اعوان کے استعفے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کوموصول ہوئے تھے جس کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے دونوں کو استعفوں کی تصدیق کیلئے طلب کیا تھا۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے براہ راست اسپیکر قومی اسمبلی کو استعفے جمع کرانے کی تردید کی تھی اور کہا تھاکہ مرتضیٰ جاوید عباسی اور محمد سجاد نے استعفے پارٹی کے صوبائی صدر کو جمع کرائے تھے، امیر مقام نے یہ استعفے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کو بھجوادیے ہیں۔