28 دسمبر ، 2020
مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی سجاد اعوان نے کہا ہے کہ اسپیکر کو استعفیٰ بھیجا ہی نہیں پھر انہیں کہاں سےملا؟
سجاد اعوان نے کہا کہ میرا استعفیٰ تو میرے پاس ہے، سیٹ پارٹی کی امانت ہے، جب بھی پارٹی استعفیٰ مانگے گی تو پیش کردوں گا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے استعفوں سے فرق پڑےگا، حکومت نہیں چل سکے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی مرتضٰی جاوید عباسی اور محمد سجاد کو استعفوں کی تصدیق کیلئے طلب کیا تھا۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے براہ راست اسپیکر قومی اسمبلی کو استعفے جمع کرانے کی تردید کی تھی اور کہا تھاکہ مرتضیٰ جاوید عباسی اور محمد سجاد نے استعفے پارٹی کے صوبائی صدر کو جمع کرائے تھے، امیر مقام نے یہ استعفے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کو بھجوادیے ہیں۔