19 ستمبر ، 2012
کولمبو…ٹی20 کرکٹ ورلڈ کپ کے سلسلے میں وارم اپ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 15 رنز سے شکست دے دی۔پاکستان کو میچ جیتنے کیلئے 112 رنز کا ہدف دیا لیکن بیٹسمینوں کی غیر ذمہ داری کارکردگی کے باعث نسبتاً آسان ہدف کے تعاقب میں 9وکٹوں پر 96 رنز بناسکی ۔کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، سعید اجمل اور رضا حسن کی عمدہ بالنگ کے باعث انگلینڈ بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہا اور پوری ٹیم 19.3 اوورز میں 111رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ لیوک رائٹ 38 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔ سعید اجمل نے 4 اور رضا حسن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔سعید اجمل نے ایک بار پھر اسپن بالنگ کا جادو جگاتے ہوئے اپنے چوتھے اوور میں 3 انگلش بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ انگلش ٹیم کے 5 بیٹسمین ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔112 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز بھی اچھا نہ تھا ، کپتان محمد حفیظ 4 کے مجموعی اسکور پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔ پاکستان کے تمام بیٹسمین انگلش بالرز کے سامنے دباؤ میں نظر آئے، آفریدی ایک بار پھر متاثر کن کارکردگی نہ دکھاسکے اور صرف پانچ رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔اسد شفق 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔برگس اور ڈرن بیک نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔