20 ستمبر ، 2012
اسلام آباد … وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ریڈ زون اور ڈپلومیٹک انکلیو کی حفاظت کیلئے فوج کو طلب کیا ہے، پرتشدد مظاہروں سے مزید فساد پھیلے گا، احتجاج کیلئے پر امن طریقہ اختیار کیا جائے، پرتشدد احتجاج کے سیاسی مقاصد ہیں۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے املاک جلانا اور لوگوں پر پتھراوٴ کرنا احتجاج نہیں، عوام سے اپیل ہے کہ پر امن احتجاج کریں، کوشش کررہے ہیں کہ احتجاج میں تشدد شامل نہ ہو، ہمیں بھی خود کو اتنا طاقتور کرنا ہوگا کہ کوئی ہمارے خلاف بات نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنی والے مری اور راولپنڈی سے آئے ہیں، پنجاب حکومت کو چاہئے تھا کہ انہیں روکتی، سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے اپیل ہے کہ ملک میں آگ نہ لگائیں، عوام احتجاج پْرامن رکھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ریڈ زون اور ڈپلومیٹک انکلیو کی حفاظت کیلئے فوج کو طلب کیا ہے، دیگر اداروں کو بھی طلب کریں گے، ہرحال میں غیرملکی سفارتکاروں کو سیکیورٹی دینی ہے۔ قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ مظاہروں سے متعلق پنجاب حکومت کو اطلاع دی تھی، ایک خاص مقصد کے تحت مظاہرین کو اکھٹا کیا گیا ہے، پْرتشدد مظاہروں سے مزید فساد پھیلے گا، عوام سے اپیل ہے کہ پْرامن احتجاج کریں۔