15 جنوری ، 2021
پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کا بوئنگ 777 طیارہ ملائیشیا نے کوالالمپور کی عدالت کے حکم پر تحویل میں لے لیا۔
پی آئی اے کی پرواز پی کے 894 اسلام آباد سے کوالالمپور پہنچی تھی تو اسے وہیں لیز کی عدم ادائیگی پر عدالتی حکم کے ذریعے رکوا لیا گیا۔
مسافروں کو بعد میں طیارے سے اُتاردیا گیا، پی آئی اے نے لیز پر لیے گئے طیارے کا کرایہ نہیں بھرا اور اُسی طیارے کو انٹرنیشنل فلائٹ پر ملائیشیا بھیج دیا۔
کرائے کی یہ رقم ایک کروڑ 40 لاکھ ڈالر بنتی ہے، مسافر الگ رُلے، ملک کی جگ ہنسائی الگ ہوئی۔
ترجمان پی آئی اے نے بتایاکہ کورونا کی وجہ سے پچھلے سال آمدنی کم ہوئی، کرایہ کم کرانے کا مقدمہ برطانوی کورٹ میں زیر سماعت ہے، ایسے میں تیسرے ملک کی عدالت کی یکطرفہ کارروائی ناخوشگوار واقعہ ہے۔
کام خراب کرنے کے بعد پی آئی اے نے ملائیشیا سے معاملہ سفارتی سطح پر حل کرانے کیلئے حکومتِ پاکستان سے رجوع کرلیاجبکہ روکے گئے طیارے کے مسافر پاکستان کیلئے روانہ ہوگئے۔
خیال رہے کہ پی آئی اے نے 2015 میں بوئنگ 777 طیارہ ویتنام کی کمپنی سے لیز پر حاصل کیا تھا۔