11 فروری ، 2012
راولپنڈی . . . . . راول پنڈی کے علاقہ اڈیالہ روڈ پر دو مخالف گروپوں کے درمیان اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے اسلحہ برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا تاہم قانون کے رکھوالوں کے تاخیر سے پہنچنے پر دیگر تمام ملزمان فرار ہوگئے۔ اڈیالہ جیل کے قریبی علاقے میں 2 مخالف فریقین کے درمیان تقریباً آدھا گھنٹہ فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا جس سے علاقہ مکینوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقامی افراد کے مطابق دونوں گروپوں میں اراضی کا تنازع ہے۔ عمارت پر موجود ایک گروپ کے مسلح افراد نے سڑک پر موجود مخالفین کی کار کو نشانہ بنایا، کار میں سوار افراد بھی فائرنگ کرتے رہے۔ اندھا دھند فائرنگ کے دوران سڑک پر ٹریفک روک دی گئی تاہم اس دوران پولیس نہیں آئی اور ملزمان کی اکثریت فرار ہو گئی۔ بعد میں پولیس نے اہل محلہ کی نشاندہی پر ایک عمارت کی تلاشی لی اور 4 رائفلز سمیت متعدد گولیاں برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔