11 فروری ، 2012
لاہور . . . . . وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ سانحہ کھاڑک میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کی مالی امداد کا کام دو روز میں مکمل کر لیا جائے گا، متاثرہ گھرانوں کے ایک ایک فرد کو سرکاری ملازمت دی جائے گی۔ لاہور میں ہونے والے ایک اجلاس میں وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سانحہ کھاڑک کے سلسلے میں تشکیل دی گئی کمیٹی ذمہ داروں کا تعین کرے گی جس کے مطابق سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، ان کا کہنا تھا کہ اس افسوس ناک واقعہ کے ذمہ داروں کوقرار واقعی سزا ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کمیٹی 4 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے سانحہ خان پور کے متاثرین سے ملاقات کے دوران کہا کہ جاں بحق ہونے والے کے لواحقین کو انصاف دلوایا جائے گا، مالی معاونت کے ساتھ متاثرہ خاندانوں کے ایک ایک فرد کو سرکاری ملازمت بھی دی جائے گی، وزیر اعلیٰ پنجاب نے مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اسپیشل سیکریٹری صحت کو ہدایت کی وہ سانحہ کھاڑک کے متاثرین کی دیکھ بھال کے لئے روزانہ 2 گھنٹے جناح اسپتال میں رہیں۔ وزیر اعلیٰ نے مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کو بھی سانحہ کے بارے میں بریفننگ دی۔