11 فروری ، 2012
لاہور … مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما سینئر وفاقی وزیر چوہدری پرویز الٰہی اور چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ ملک بچانے کیلئے پاکستان اور اسلام سے محبت کرنے والی قوتوں کو متحد ہو نا پڑے گا، دونوں رہنماوٴں نے مستقبل کے سیاسی انتخابی اتحاد کے سلسلے میں لاہور میں ملاقات کی، بعدمیں مشترکا پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ ان کا ذاتی مفاد کا کوئی ایجنڈا نہیں، ہر اس جماعت اور تنظیم کو ساتھ ملانے کیلئے آگے بڑھیں گے جو تحفظ پاکستان کی سوچ پر یقین رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو متفقہ ایجنڈے اور دیرپا پالیسیوں کی ضرورت ہے جن پر عمل کر کے پاکستان کو مضبوط، طاقتور اور خوشحال ملک بنایا جا سکتا ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پارٹی کے دیگر رہنماوٴں سے مشاورت کے بعد دونوں جماعتیں دیرپا اور بامقصد اتحاد کے تحت آئندہ لائحہ عمل طے کریں گی۔