01 فروری ، 2021
وفاقی حکومت نے عمر سعید شیخ کا نام مشتبہ افرادکی فہرست میں ڈالنے کا فیصلہ کرلیا۔
ڈینیل پرل کیس میں سپریم کورٹ سے بریت کا حکم حاصل کرنے والے عمر سعید شیخ کا نام انسداد دہشتگردی ایکٹ 1999 کے تحت مشتبہ افراد کی فہرست میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ عمر سعیدشیخ کی ممکنہ رہائی کی صورت میں بین الاقوامی دباؤ کے تناظر میں اس کا نام مشتبہ افراد کی فورتھ شیڈول فہرست میں ڈالنے کی منظوری دی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ شیڈول فورتھ میں شامل افراد کو مشتبہ دہشتگرد قرار دیا جاتا ہے اور اس فہرست میں شامل افراد متعلقہ پولیس ایس ایچ او کی منظوری کے بغیر اپنا علاقہ نہیں چھوڑ سکتے اور نہ ہی وہ بینک اکاؤنٹس استعمال کرسکتے ہیں۔
واضح رہےکہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ نے امریکی صحافی ڈینئل پرل قتل کیس کے ایک ملزم عمر شیخ کی رہائی روکنے کیلئے سندھ حکومت کی اپیل مسترد کی اور عمر شیخ کو فوری رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔