04 فروری ، 2021
کراچی کے علاقے فیروزآبادمیں 5 پالتو کتوں نے بزرگ شہری پر حملہ کردیا۔
واقعہ دو روز پہلے پیش آیا، سی سی ٹی وی وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مالک پالتو کتوں کو لےکرسڑک سے گزر رہا تھا کہ کتوں نے اچانک راہ گیر پر حملہ کر دیا۔
کتوں کا مالک بھی بزرگ کو بچانے کی کوشش کرتا رہا، زخمی شہری نے کتےکےمالک کےخلاف مقدمہ درج کرادیا۔
بزرگ شہری پر بیک وقت پانچ کتوں کا دہشت ناک حملہ، رونگٹے کھڑے کرنے والا یہ واقعہ دو دن پہلے کراچی میں پیش آیا۔
سی سی ٹی وی وڈیو میں مالک اپنے پالتو کتوں کے ساتھ گزررہا ہے،کتے اچانک حملہ کرتے ہیں ، ایک راہ گیر بھاگ کر جان بچاتا ہے جبکہ بزرگ شہری پر کتوں کا وحشیانہ حملہ پورے ڈیڑھ منٹ جاری رہتا ہے۔
اس دوران مالک شہری کو بچانے کی اپنی سی کوشش کرتا ہے مگرکتے قابو میں نہیں آتے۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے کتوں کے مالک کیخلاف کارروائی شروع کردی ہے۔ پالتو کتوں سے قطع نظر آوارہ کتے بھی شہریوں کی جان کو آئے ہوئے ہیں۔ کتا مارمہم کئی سال سے معطل ہے جس کے باعث شہر بھر میں آوارہ کتوں کی بھرمار ہوگئی ہے۔
صبح سے رات تک لوگ جہاں سے بھی گزریں، کتوں کے غول غول کے نظر آتے ہیں۔ اس صورتحال سے خواتین اور اسکول جانے والے بچے خاص طور پر خوفزدہ ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کے ایم سی نے فوری توجہ نہ دی تو کتوں کے کاٹنے کے واقعات قابو سے باہر ہوجائیں گے۔