پاکستان
Time 13 فروری ، 2021

سینیٹ کا ٹکٹ واپس لینے پر پی ٹی آئی امیدوار عبدالقادرکا مؤقف سامنے آگیا

کوئی بلوچستان عوامی پارٹی میں میری شمولیت کے ثبوت دکھا دے،میں بی اے پی کا رکن نہیں ہوں،عبدالقادر،فوٹو: فائل

سینیٹ نشست کےلیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق امیدوار  عبدالقادر نےکہا ہےکہ وہ پارٹی کے فیصلےکوکھلے دل سےتسلیم کرتے ہیں، عمران خان پر جان بھی قربان ہے، ان کے ساتھ تھا اور ہوں۔

جیو نیوز کے پروگرام ' نیاپاکستان' میں گفتگو کرتے ہوئے عبدالقادر نے بتایا کہ میں کوئٹہ میں پیدا ہوا، تعلیم اور کاروبار بھی یہیں کیا، میں نے لاہور میں کوئی پروجیکٹ نہیں کیا، کسی پر الزام لگاتے وقت کم ازکم ثبوت ضرور دیں،ڈاکٹر منیر بھی نیب زدہ ہیں، ان کےخلاف بھی کیسز ہیں۔

 عبدالقادر نے بتایا کہ وہ 2012، 2013 سے پی ٹی آئی کےلاہور اور اسلام آباد کے جلسوں میں شریک رے ہیں اور انہوں نے پی ٹی آئی کے دھرنوں میں لاجسٹک سپورٹ بھی  دی ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ کوئی بلوچستان عوامی پارٹی(بی اے پی) میں میری شمولیت کے ثبوت دکھا دے،میں بی اے پی کا رکن نہیں ہوں، بلوچستان میں آزاد رکن بکنےکے لیے ہے ہی نہیں۔

خیال رہے کہ مسلسل تنقید کے بعد تحریک انصاف نے عبدالقادر سے سینیٹ کا ٹکٹ واپس لے لیا ہے۔

واضح رہے کہ کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بلوچستان سے عبدالقادر کو سینیٹ کا ٹکٹ دیے جانے پر پارٹی میں ہی اختلافات شروع ہوگئے تھے۔

پی ٹی آئی نے عبدالقادر کو بلوچستان سے جنرل نشت پر ٹکٹ جاری کیا تھا اور ان ناموں کی منظوری وزیراعظم نے خود دی تھی جس کے بعد آج اعلان کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :