14 جنوری ، 2012
پشاور… خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان حملے میں دو خود کش حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جبکہ ایک خود کش حملہ آور کو پولیس نے مار دیا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے واقعے سے متعلق جیو نیوز سے گفت گو کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے اعتراف کیا کہ ڈی پی او ڈیرہ کے دفتر پر حملہ بہرحال سیکورٹی کی کوتاہی ہے، بے شک شدت پسند پوری تیاری کے ساتھ آئے تھے لیکن انہیں روکنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری تھی۔۔ میاں افتخار کا کہنا تھا کہ حملے میں ڈی پی او محفوظ ہیں ان سے بات ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقفے وقفے سے اس قسم کے واقعات کے ذریعے شدت پسند اپنی موجودگی کا احساس دلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔۔ میاں افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے جب تک مکمل ہم آہنگی پیدا نہیں ہوتی۔ ایسے واقعات رونما ہوتے رہیں گے۔