Time 16 فروری ، 2021
پاکستان

کراچی میں طالبہ کے مبینہ اغوا اور اجتماعی زیادتی کیس کی سی سی ٹی فوٹیج مل گئی

کراچی کے علاقے گلشن حدید میں  فرسٹ ایئر کی طالبہ کا مبینہ اغوا اور اجتماعی زیادتی کیس کی تحقیقات  میں پیش رفت ہوئی ہے اور ایک سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس کو موصول ہوئی ہے۔

تحقیقاتی حکام کے مطابق گلشن حدید مبینہ اجتماعی زیادتی کیس کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے اور ڈیفنس کی مبینہ جائے واردات کی ایک سی سی ٹی وی ویڈیو پولیس نے حاصل کر لی ہے۔

فوٹیج  مبینہ جائے واردات کے قریب ایک گھر سے حاصل کی گئی، حکام کا بتانا ہے کہ متاثرہ لڑکی کے بیان کے مطابق ویڈیو میں ایسا کچھ موجود نہیں ہے، متاثرہ لڑکی کے والد کی جانب سے اس مقام کو جائے واردات بتایا گیا تھا۔

تحقیقاتی حکام نے مزید بتایا کہ اس مقام کی ڈی ایچ اے اور کے الیکٹرک دفتر سے مزید دو سی سی ٹی وی فوٹیجز ملنا ابھی باقی ہیں، حکام نے مزید بتایا کہ متاثرہ لڑکی اور ملزمان کے موبائل فون کی لوکیشنز حاصل کر لی ہیں، متاثرہ لڑکی کے موبائل کی لوکیشن اس کے گھر کی ہے اور اس کے اہلخانہ کے مطابق متاثرہ لڑکی اپنا موبائل فون گھر پر رکھ کر جاتی تھی، ملزمان کے موبائل فون لوکیشنز بھی اس جائے واردات کی نہیں ہیں بلکہ ہر کسی کی مختلف ہیں۔

حکام نے مزید بتایا کہ متاثرہ لڑکی نے ابھی تک پولیس کو بیان نہیں دیا ہے اور ڈاکٹرز نے بھی متعدد مرتبہ درخواست کے باوجود ابھی تک میڈیکل رپورٹ نہیں دی۔

 حکام بتاتے ہیں کہ میڈیکل اور ڈی این اے رپورٹس، سی سی ٹی وی فوٹیجز اور موبائل فون کے فارنزکس سے تحقیقات میں ٹھوس پیش رفت ہوگی۔

مزید خبریں :