20 فروری ، 2021
بالی وڈ اداکار ویویک اوبرائے نے بغیر ہیلمٹ موٹر بائیک چلانے پر چالان ہونے پر شاعرانہ انداز میں ردعمل دیا ہے۔
خیال رہے کہ ویویک اوبرائے نے انسٹاگرام پر ویلینٹائن ڈے کے موقع پر اپنی اہلیہ کے ساتھ موٹربائیک چلاتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی تھی اور مداحوں کو ویلینٹائن ڈے کی مبارک باد بھی دی تھی۔
موٹر بائیک چلاتے وقت ویویک اوبرائے نے ہیلمٹ اور ماسک نہیں پہنا ہوا تھا جس کی وجہ سے پولیس نے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے اور ہیلمٹ نہ پہننے پر 500 بھارتی روپےکا چالان بھی کردیا ہے۔
ویویک اوبرائے نے اب ٹوئٹر پر چالان کا شاعرانہ ردعمل دیتے ہوئے ممبئی پولیس کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ ' پیار ہمیں کس موڑ پہ لے آیا! نکلے تھے بائیک پر ہم اور ہماری جان، بنا ہیلمٹ کے کٹ گیا چالان۔ ہیلمٹ کے بنا سواری پر ممبئی پولیس پکڑ لے گی، مجھے یہ احساس دلانے کے لیے کہ حفاظتی اقدامات بہت ضروری ہیں،شکریہ ممبئی پولیس'۔
انہوں نے مداحوں سے بھی اپیل کی کہ برائے مہربانی اپنی حفاظت کا خیال رکھیں اور ہیلمٹ اور ماسک ضرور پہنیں۔
خیال رہے کہ بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کہ وجہ سے یہاں ماسک نہ لگانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔