پاکستان
12 فروری ، 2012

وزیراعظم کو سزا ہوئی توصدرزرداری اسے معاف کرسکتے ہیں، امریکی اخبار

وزیراعظم کو سزا ہوئی توصدرزرداری اسے معاف کرسکتے ہیں، امریکی اخبار

واشنگٹن…امریکی اخبار کا دعویٰ کا ہے اگر یوسف رضا گیلانی کو عدالت کی طرف سے سزا سنا دی جاتی ہے تو صدر آصف علی زرداری ان کی سزا کو فوراً معاف کر سکتے ہیں،امریکی اخبار’ واشنگٹن پوسٹ‘ نے پیپلز پارٹی کے اندرونی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے اگر یوسف رضا گیلانی کو عدالت کی طرف سے سزا سنا دی جاتی ہے تو صدر آصف علی زرداری ان کی سزا کو فوراً معاف کر سکتے ہیں، اگر گیلانی عدالت کے سامنے انکاری رہتے ہیں تو پیپلز پارٹی ہر صورت گیلانی کے فیصلے کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ گیلانی سیاسی شہید بن کر اپنی اولاد کے لئے شاندار وراثت چھوڑنا چاہتے ہیں۔ اخبار کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم اور صدر اس وقت دارالحکومت کے شاہانہ محلوں میں رہائش پذیر ہیں لیکن وہ زیادہ تر جیل کے پتوں سے پہچانے جاتے ہیں۔ بعض مبصرین پیشگوئی کر رہے ہیں کہ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی دوبارہ سلاخوں کے پیچھے جا رہے ہیں۔ گزشتہ روز سپریم کورٹ میں ان کی اپیل مسترد ہونے کے بعد اب وہ توہین عدالت کے الزامات پر فرد جرم عائدکرنے کا سامنا کرنے جا رہے ہیں۔اس الزام میں ممکنہ طور پر گیلانی کوچھ ماہ جیل اور وزارت عظمیٰ سے ہاتھ دھونا پڑیں گے۔صدر آصف علی زرداری کے خلاف سوئس حکام کو منی لانڈرنگ کیس کے متعلق خط لکھنے سے گیلانی مسلسل انکاری ہیں اور کہتے ہیں کہ آئین کے تحت صدر زرداری کو استثنیٰ حاصل ہے، لیکن عدالت کا اصرار ہے کہ اگر وزیر اعظم ہی ان کے احکامات کونہیں مانتے تو کوئی دوسرا کیسے عمل کرے گا یہ طرز عمل قانون کی حکمرانی کوختم کردے گا۔یوسف رضا گیلانی کہتے ہیں کہ اگر عدالت حکم دے گی تو وہ جیل جانے کو تیار ہیں اس صورت حال نے عسکریت پسندی کے شکار جوہری ملک کی نازک جمہوریت کے لئے شدیدخطرات پیدا کردیئے ہیں۔پاکستان اس وقت عسکریت پسندی کے ساتھ توانائی کی شدید کمی اور اقتصادی بحران کا شکار ہے۔ایک رائے یہ بھی ہے کہ عدالت کے احکامات نہ مان کر گیلانی سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں تاکہ ثابت کر سکیں کہ انہوں نے آخر تک جماعت سے وفاداری دکھائی۔اس طرح کی قربانی ان کی اولاد کے لئے سیاسی بقا اور شاندار وراثت چھوڑے گی جو سیاست میں داخل ہوچکے ہیں۔پیپلز پارٹی کے کچھ کا اصرار ہے کہ ان کے پاس وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے علاوہ کوئی متبادل نہیں لیکن ان کا کہنا ہے اگر گیلانی عدالت کے سامنے انکاری رہتے ہیں اور انہیں استعفیٰ دینے پر مجبور کیا جاتا ہے تو پارٹی گیلانی کے فیصلے کے ساتھ ہوگی۔پیپلز پارٹی کے اندرونی ذرائع کہتے ہیں کہ ایک اور آپشن بھی ان کے پاس ہے اور وہ یہ کہ اگر گیلانی کو سزا ہو جاتی ہے تو صدر ان کی سزا کو فوراً معاف کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں :