Time 23 فروری ، 2021
کھیل

آج بھی کبھی پی ایس ایل کھیلنےکا دل چاہتا ہے، اظہر علی

 بطور لاہوری میری اپنی خواہش بھی یہ ہے کہ لاہور قلندرز ہی کامیابی حاصل کرے، اظہر علی،فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ ان کا آج بھی کبھی کبھی  پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کھیلنےکا دل چاہتا ہے لیکن نہ کھیلنے کا افسوس نہیں ۔

جیو نیوز سےگفتگو میں سابق کپتان نےکہا کہ پاکستان سپر لیگ نے پاکستان کرکٹ کو گزشتہ چند سالوں کے دوران بہت ٹیلنٹڈ کرکٹرز دیے ہیں، امید ہے اس سال بھی ایسا ہی ہوگا۔

 36 سالہ سابق کپتان نے کہا کہ اب تک کے میچز میں انہیں اسلام آباد کے وسیم جونیئر اور لاہور کے سکندر مرزا میں ٹیلنٹ نظر آیا ہے، امید ہے کہ اس سال بھی پاکستان کو پی ایس ایل سے نیا ٹیلنٹ ملےگا۔

انہوں نےکہا کہ لاہور قلندرز نے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام سے فاسٹ بولرز متعارف کرائے، پلیئرز بھی کافی عرصہ ساتھ کھیل کر تجربہ کار ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے ٹیم بھی اچھے رزلٹ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب لاہور قلندرز کے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام اور ٹیم کی کارکردگی میں بھی بیلنس نظر آرہا ہے۔

اظہر علی سے جب پوچھا گیا کہ اس پی ایس ایل میں ان کی فیورٹ ٹیم کون سی ہے تو انہوں نے کہا کہ جس طرح لاہور قلندرز نے اسٹارٹ لیا اورجس انداز میں فخر نے کم بیک کیا ، محمد حفیظ بیٹنگ کر رہے، اس کو دیکھ کر لگ رہا ہے کہ لاہور قلندرز فیورٹ ٹیم ہوگی، ابھی سیزن کا آغاز ہوا ہے اگر لاہور قلندرز اس طرح ہی کھیلتے رہے تو کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بطور لاہوری ان کی اپنی خواہش بھی یہ ہے کہ لاہور قلندرز ہی کامیابی حاصل کرے۔

مزید خبریں :