26 فروری ، 2021
کراچی کے اورنگی نالے کے اطراف تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن ، کئی کارخانے، بھینسوں کے باڑے، گودام اور چبوترے گرا دیے گئے ۔
11 کلومیٹر طویل نالے کے اطراف ہزاروں مکانات موجود ہیں، اطراف تیس تیس فٹ چوڑی سڑک بنائی جائے گی، نالوں کی چوڑائی کو 100 فٹ تک کیا جائے گا ، آخری مرحلے میں نالے پر بنائے گئے غیر قانونی گھر گرائے جائیں گے۔
کراچی کے برساتی نالوں کے اطراف قائم تجاوزات ختم کرنے کا سلسلہ جاری ہے، گجر نالے اور محمود آباد نالے کے بعد اورنگی نالے پر بھی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
کراچی میں گزشتہ سال کی بارشوں سے پیدا ہونے والی صورت حال کے بعد مرکزی نالوں کے اطراف قائم تجاوزات ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس پر عملدرآمد جاری ہے۔
اورنگی نالے پر تجاوزات کیخلاف آپریشن کا پہلا مرحلہ پرانے گولیمار میں زیرو پوائنٹ سے شروع ہوا جس میں کئی کارخانے، بھینسوں کے باڑے، گودام ،چبوترے اور دیگر غیرقانونی تعمیرات مسمار کی گئیں۔
11 کلو میٹر طویل اورنگی نالے کے اطراف ہزاروں گھر تعمیر ہیں ۔ منصوبے کے مطابق مرکزی نالوں کو سو فٹ چوڑا کرنے کے علاوہ ان کے دونوں اطراف تیس تیس فٹ سڑک بھی تعمیر کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اورنگی نالے پر آپریشن کے دوران 1600 سے زائد تعمیرات ختم کی جائیں گی۔ حکام کے مطابق ہر سال بارشوں میں اورنگی ٹاؤن کی صورتحال قابو سے باہر رہتی ہے تاہم نالے کی توسیع سے صورتحال بہتر ہوجائے گی۔