12 فروری ، 2012
کراچی . . . . . ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ہے،کئی علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند ہونے سے لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، مری اور گردو نواح میں رات گئے برفباری شروع ہوئی جو اب تک جاری ہے، اب تک ایک فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔ اسکردو، استور ،غذراور گھانچے کے بالائی علاقوں میں بھی رات سے برفباری جاری ہے، کئی انچ برف پڑنے سے متعدد رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہوگئے ہیں۔ بلوچستان کے علاقوں زیارت، ٹوبہ اچکزئی، ٹوبہ کاکڑی، کان مہترزئی اور کوہ خواجہ عمران میں برف باری جاری ہے، چمن، پشین، مسلم باغ، خانو زئی اور ہرنائی سمیت شمالی بلوچستان کے علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ مالاکنڈ ڈویژن کے میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور بالائی علاقوں کالام، میاندم، مالم جبہ مرغزار اورچترال سمیت متعدد علاقوں میں برفباری ہو رہی ہے۔ ہزارہ ڈویژن کے ضلع کوہستان میں کل شام سے تیز بارش، بٹگرام، تورغر اور مانسہرہ میں رات سے ہلکی بارش جاری ہے، شوگران، کاغان اور ناران میں برفباری کے دوران گزشتہ رات 6 انچ تک برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔ اورکزئی ایجنسی کے علاقوں کلایا، فیروز خیل، مشتی میلہ، شیخان، ڈبوری میں وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے۔ آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں وادی نیلم، گریز، کیل، شاردا، کیرن اور اٹھمقام میں برفباری جاری ہے،برفباری کے باعث شاردا سے کیل روڈ ہرقسم کی ٹریفک کے لئے بند ہے۔مظفر آبادشہر اور گردنواح میں بھی ہلکی بارش ہورہی ہے۔