03 مارچ ، 2021
سینیٹ انتخابات 2021 کے بعد پاکستان تحریک انصاف ایوان بالا کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے تاہم ایوان میں اپوزیشن اتحاد کو حکومتی اتحاد پر برتری حاصل ہوگئی ہے۔
خیال رہےکہ سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخاب ہونے تھے لیکن پنجاب کی11نشستوں پر تمام امیدوار پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوگئے تھے جس کے باعث آج 37 نشستوں پر مقابلہ ہوا۔
25 فروری کو پنجاب کی 11نشستوں پر بلامقابلہ امیدوار منتخب ہوئے تھے جن میں سے تحریک انصاف نے 5، ن لیگ نے 5 اور ق لیگ نے ایک نشست حاصل کی تھی۔
آج ہونے والے37 نشستوں کے انتخاب کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق 37 میں سے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نے 13 نشستیں جیتی ہیں، ان میں سے خیبر پختونخوا سے10، سندھ سے 2 اور اسلام آباد سے ایک نشست جیتی ہے اور پنجاب کی 5 نشستیں بھی شامل کرلی جائیں تو پی ٹی آئی کی مجموعی نئی نشستیں 18 ہوجاتی ہیں۔
اس طرح نئی 18 اور پرانی8 نشستوں کے ساتھ تحریک انصاف 26 نشستوں کے ساتھ ایوان بالا کی سب سے بڑی پارٹی بن گئی ہے۔
بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) نے 6 نشستیں جیتیں ہیں اور یہ تمام سیٹیں بلوچستان سے جیتی ہیں جس کے بعد 6 پرانی نشستوں کے ساتھ اس کی 12 نشستیں ہوگئی ہیں۔
ایم کیو ایم نے 2 نشستیں جیتیں اور یہ دونوں نشستیں سندھ سے حاصل کی ہیں جب کہ پرانے ایک سینیٹرکے ساتھ اس کے3 ممبر ہوگئے ہیں۔
مسلم لیگ ق کو سینیٹ کی ایک نشست ملی ہے اور اس کا ایک سینیٹر ہے، اس کے علاوہ جی ڈی اےکا ایک اور 4 آزاد ارکان شامل ہیں،اس طرح حکومتی اتحادکے ارکان کی تعداد 47 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی نے8 نئی سیٹیں جیتی ہیں جن میں سے7سندھ سے اور ایک اسلام آباد کی نشست شامل ہے، اس طرح پرانی 12 نشستوں کو ملا کے 20 سیٹوں کے ساتھ پیپلز پارٹی ایوان کی دوسری بڑی پارٹی ہے۔
مسلم لیگ ن نے پنجاب سے 5 نئی نشستیں حاصل کی ہیں جس کے بعد 13 پرانی نشستوں کے بعد ن لیگ کی ایوان میں 18 نشستیں ہیں اور وہ سینیٹ میں تیسرے نمبر پر چلی گئی ہے۔
جمعیت علمائے اسلام نے 3 نشستیں حاصل کیں ان میں سے 2 نشستیں بلوچستان اور ایک کے پی سے جیتی ہیں، اور 2 پرانی نشستوں کے ساتھ جے یو آئی کی 5 نشستیں ہوگئی ہیں۔
عوامی نیشنل پارٹی نے 2 نشستیں حاصل کیں جن میں سے ایک بلوچستان اور ایک کے پی سے حاصل کی اور اس کی ایوان میں 2 نشستیں ہی ہیں۔
بلوچستان نیشنل پارٹی( مینگل) نے سینیٹ کی 2 نشست جیتی اور اس کی ایوان میں 2 نشستیں ہیں۔
اس کے علاوہ پشتونخوا میپ کے 2، نیشنل پارٹی کے 2 اور 2 آزاد ارکان اپوزیشن کے ساتھ ہیں۔
اس طرح سینیٹ انتخاب 2021 کے بعد اپوزیشن اتحادکے ارکان کی تعداد 53 ہوگئی ہے اور اسے حکومتی اتحاد پر 6 ارکان کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
سینیٹ الیکشن 2021 میں 48 نسشستوں میں سے پی ٹی آئی اور اتحادیوں کو مجموعی طور پر 28 نشستیں ملی ہیں جب کہ پی ڈی ایم کو مجموعی طور پر 20 نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔