04 مارچ ، 2021
لاہور میں اعلیٰ حکومتی عہدیداروں اور سرکاری آفیسرز کے رہائشی علاقے جی او آر ون میں ڈپٹی کمشنر اِن لینڈ ریونیو نے ٹریفک وارڈن کو ٹکر مار کر زخمی کر دیا۔
لاہور کا پوش علاقہ جی او آر ون جہاں جیل روڈ کی جانب جانے والی ایک کار نے ٹریفک وارڈن نعیم کو ٹکر مار کر زخمی کر دیا، واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو جیو نیوز کو موصول ہو گئی۔
ٹریفک وارڈن کا کہنا ہےکہ اس نے ٹریفک قانون کی خلاف ورزی پر گاڑی کو روکا تو گاڑی ڈرائیور نے خود کو ڈپٹی کمشنر اِن لینڈ ریونیو محمد عدنان بتایا اور کہا کہ پیچھے ہٹ جاؤ۔
سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وارڈن بار بار سامنے آ کر گاڑی روکتا ہے، جس پر ڈرائیور اسے گاڑی کی ٹکر مار کر زخمی کر دیتا ہے۔ وارڈن کی کال پر پولیس تو پہنچی مگر افسر کے تعارف کروانے پر اسے جانے دیا۔
ٹریفک وارڈن نعیم نے تھانا شادمان کالونی میں دی گئی درخواست میں بتایا کہ محمد عدنان کا ڈرائیونگ لائسنس بھی زائد المیعاد ہے۔
جیو نیوز کے رابطہ کرنے پر پہلے تو ڈی ایس پی اور ایس ایچ او شادمان ایسے کسی واقعے سے ہی انکار کرتے رہے تاہم رات گئے مقدمہ درج کر کے محمد عدنان کو حراست میں لے لیا، ملزم پر یہ الزام بھی ہے کہ اس نے ٹریفک وارڈن کی وردی بھی پھاڑ دی تھی۔