ملک میں مہنگائی کی شرح 14.95 فیصد پر پہنچ گئی

اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کا سبب بنا، ادارہ شماریات— فوٹو:فائل 

ملک میں مہنگائی کا سلسلہ نہ تھم سکا اور مسلسل ساتویں ہفتے بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق حالیہ ہفتے میں مہنگائی 0.61 فیصد مزید بڑھ گئی جس کے بعد ملک میں مہنگائی کی شرح  14.95 فیصد ہوگئی۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کا سبب بنا اور ایک ہفتے میں 22 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق چکن 13 روپے 30 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی اور چکن کی اوسط فی کلو قیمت 263 روپے 58 پیسے ہوگئی۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ چینی 2 روپے 64 پیسے فی کلو مزید مہنگی ہوئی یوں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 96 روپے 68 پیسے ہوگئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق دال ماش 3 روپے 64 پیسے، دال مسور ایک روپے37 پیسے فی کلو ، دال مونگ 37 پیسے اور دال چنا 34 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی جبکہ پیاز 81 پیسے اور آلو ایک روپے 40 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔

ادارہ شماریات نے بتایا کہ بیف 92 پیسے اور مٹن 35 پیسے فی کلو مہنگا ہوا جبکہ مٹن کی اوسط قیمت 1001.57 اور بیف 477 روپے فی کلو ہوگئی۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق تازہ دودھ، دہی، انڈے، صابن، چاول کی قیمتیں بھی بڑھیں جبکہ ایک ہفتے کے دوران ملک میں 5 اشیاء سستی ہوئیں اور حالیہ ہفتے آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 8 روپے 4 پیسے سستا ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق لہسن 17 روپے 29 پیسے فی کلو سستا ہوا جبکہ گڑ، ٹماٹر، آگ جلانے والی لکڑی کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ ہوئی۔ 

اس کے علاوہ حالیہ ہفتے 24 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

مزید خبریں :