09 مارچ ، 2021
کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو کارروائی سے روکنے کے لیے فیصل واوڈا کی فوری حکم امتناع کی استدعا مسترد کردی۔
سندھ ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے فیصل واوڈاکے خلاف درخواست قابل سماعت قراردینے کے خلاف پی ٹی آئی رہنما کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں عدالت نے الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت سمیت دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 16 مارچ کو تفصیلی جواب طلب کرلیا۔
عدالت نے فیصل واوڈا نااہلی کیس سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم نامہ بھی طلب کیا ہے۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو کارروائی سے روکنے سے متعلق فیصل واوڈا کی فوری حکم امتناع کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کو فی الوقت نہیں روک سکتے۔
عدالت نے فیصل واوڈا کے وکیل کو ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن میں بتا دیں کہ سندھ ہائیکورٹ نے نوٹس جاری کر رکھے ہیں۔
عدالت نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی فیصل واوڈا کیس میں حکم نامہ جاری کیا ہے، سندھ ہائیکورٹ الیکشن کمیشن کے خلاف کیس کیسے سن سکتا ہے؟ اگر کراچی میں کیسز چل رہے ہوتے تو الگ بات تھی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کے خلاف شکایات سننے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ کمیشن میں قادر خان مندوخیل، میاں محمد آصف اور خالد جاوید نے شکایات دائر کر رکھی ہیں۔