10 مارچ ، 2021
برطانوی گلوکار زین ملک نے دنیائے موسیقی کے مقبول ترین گریمی ایوارڈز کی نامزدگیوں پر سوال اٹھاتے ہوئے اس پر کڑی تنقید کی ہے۔
گلوکار زین ملک نے حال ہی میں اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر گریمی ایوارڈز کی نامزدگیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’گریمی اور اس جُڑے تمام تر لوگ بھاڑ میں جائیں، جب تک آپ ہاتھ نہ ملائیں اور تحائف نہ بھیجیں، نامزدگی پر غور نہیں کیا جائے گا‘۔
زین ملک نے گریمی ایوارڈز انتظامیہ کے لیے طنزیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ ’اب اگلے سال میں آپ کو کھانے پینے کی چیزوں سے بھری ٹوکری بھیجوں گا‘۔
گریمی ایوارڈ پر کڑی تنقید کرنے کے بعد زین ملک نے وضاحت دینے کے لیے ایک اور ٹوئٹ بھی کی جس میں انہوں نے کہا کہ ’میرا ٹوئٹ ذاتی یا اہلیت کے حوالے سے نہیں تھا‘۔
زین نے اپنی ٹوئٹ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’میری ٹوئٹ نامزدگی کے عمل میں شفافیت کے فقدان کے حوالے سے اور ووٹنگ کے عمل میں اثر انداز ہونے والی نسل پرستی اور مفاد پرستی کے حوالے سے ہے‘۔
خیال رہے کہ برطانوی گلوکار زین ملک نے گزشتہ دنوں اپنے 300 لو البم پیش کیے تھے جس میں سے ان کے صرف گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے ساتھ گائے جانے والے گانے کو نامزدکیا گیا۔
گریمی ایوارڈز کے لیے زین ملک کے البم نو بڈی از لسننگ کو نامزد نہیں کیا گیا کیونکہ وہ نامزدگیوں کے عمل کی مدت ختم ہونے کے 5 ماہ بعد اور ایوارڈز کی نامزدگیوں کے اعلان کے دو ماہ بعد ریلیز کیا گیا تھا۔