11 مارچ ، 2021
کراچی میں شادی کا جھانسہ دےکر قیمتی اشیا ہتھیانے والا جعل ساز خاندان گرفتار کرلیا گیا۔
کراچی میں ٹھگوں کا ایک ایسا خاندان گرفتار ہوا ہے جو پہلے شادی کا پورا سین سجاتا اور لڑکی والے جب جہیز کا قیمتی سامان ان کے بتائے ہوئے پتے پر بھیج دیتے تو یہ خاندان گدھے کے سر سے سینگ کی طرح غائب ہوجاتا اور لٹنے والا اپنا سر پیٹتا رہ جاتا۔
جذباتی اور مالی نقصان پہنچانے والے اس خاندان کو نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں اُس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ برات لے کر شادی ہال پہنچا۔
گرفتار ملزمان میں میاں ، بیوی اور 2 بیٹے شامل ہیں، جن کی شناخت عباد اور تنزیل کے نام سے ہوئی ہے جب کہ خاندان اور گروہ کے سرغنہ کی شناخت نعیم الدین کے نام سے ہوئی ہے جو خود کو حساس ادارے کا ریٹائرڈ افسر ظاہر کرتا تھا۔
ملزمان نے مدعی مقدمہ سے گزشتہ روز نکاح کے بعد جہیز کا سامان اور دولہا کے جوڑے کےلیے 50 ہزار روپے نقد ی بھی لے لی تھی ۔
ملزمان کے پورے خاندان کے خلاف جعلسازی اور فراڈ کی دفعات کے تحت تھانہ عزیز بھٹی میں 30 سے زائد مقدمات درج ہیں۔