28 ستمبر ، 2012
کراچی…وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے جمعرات کو انٹر بورڈ آفس کراچی میں مسلح افراد کی فائرنگ کا سخت نوٹس لیا ہے اور ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے اس واقعے میں ملوث ملزموں کی فوری گرفتاری کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے مزید ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ انٹر اور میٹرک بورڈ کے دفاترکی سیکیورٹی سخت کی جائے اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کراچی کی ایک غریب خاتون ثمینہ افضال کو اسکے معذور بچے دانش کے علاج کے لئے 6لاکھ روپے مالیت کا چیک حوالے کیا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان راجا پرویز اشرف نے اس خصوصی گرانٹ کی منظوری دی تھی جو کہ وزیر اعلیٰ سندھ کو بچے کی ماں کے حوالے کرنے کے لئے دی گئی تھی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے خاتون کو بچے کے علاج کے لئے مزید مالی اعانت کی بھی یقین دہانی کرائی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے معذور بچے کی ماں یا اس کے کسی بچے کو سرکاری نوکری کی بھی پیش کش کی جس پر خاتون نے وزیراعلیٰ سے گذارش کی کہ ان کی بچی نویں جماعت کی طالبہ ہے اور وہ گھر کے اخراجات اور پڑھائی کا خرچہ برداشت نہیں کرسکتی اسلیے ان کی اس ضمن میں مالی مدد کی جائے۔جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ حکومت کی طرف سے بچی کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری محمد صدیق میمن، محکمہ اطلاعات کے سیکریٹری ڈاکٹر عطا پنہوربھی موجود تھے#وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے صوبہ سندھ کے بارش متاثرہ لوگوں کے ریلف اور بحالی سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ راجہ محمد عباس، سینئر میمبر بورڈ آف روینیواور ریلیف کمشنر سندھ شاذر شمعون، محکمہ خزانہ سندھ کے سیکریٹری محمد عارف خان، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے ہاشم رضا زیدی، قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے صوبائی ادارہ (PDMA) کے افسران و دیگر نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ صوبہ میں شدید بارشوں کے باعث سندھ کے چھ بالائی اضلاع میں بہت نقصان ہوا ہے اور وہاں کے لوگ کافی مشکل میں ہیں۔ بارشوں کی وجہ سے ہونے والے واقعات کے سبب لوگوں اور مال مویشیوں کی کافی اموات واقع ہوئی ہیں، جبکہ قیمتی فصلوں کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ ریلیف، صحت اور لائیو اسٹاک کے افسران کو بارش کے سبب متاثرہ لوگوں کو امدادی اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے کے احکامات دیئے۔ انہوں نے محکمہ صحت اور لائیو اسٹاک کو مزید طبی اور وٹرنری کئمپس قائم کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ متاثرہ علاقوں میں کسی بھی قسم کی بیماری نہ پھیلے۔ انہوں نے محکمہ خزانہ کو فوری طور پر محکمہ ریلیف و بحالیات اور PDMA کیلئے فنڈز کے اجراء پر زور دیا تاکہ امدادی سرگرمیوں میں کسی بھی قسم کی تاخیر اور تعطل نہ ہو۔قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے ہاشم رضا زیدی نے اپنی تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ -02 ستمبر سے -11 ستمبر2012 ء تک صوبہ سندھ میں کہیں شدید بارشوں تو کہیں ہلکی بارشیں ہوئیں جس کیلئے پہلے ہی تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو 24 گھنٹے فعال رکھنے اور تمام وسائل بشمول نشیبی علاقوں میں ڈی واٹرنگ پمپس منتقل کرنے کی ہدایات دی گئی تھیں۔