14 مارچ ، 2021
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ نوازشریف بانی ایم کیو ایم کی طرح بننا چاہتے ہیں لیکن ان کا انجام یاد رکھیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ جاوید لطیف کے بیان پرتحریک انصاف سینٹرل پنجاب نے احتجاج کا اعلان کیا ہے، ان کے بیان پر ہرپاکستانی کا دل دکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور بانی ایم کیوایم 1985 کے الیکشن کا تحفہ ہیں یہ سیاسی لوگ نہیں، الیکشن میں ہارجیت ہوتی ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ریاست کے خلاف بات کریں، ہم غداری کے سرٹیفکیٹ دینے کے لیے نہیں بیٹھے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جاوید لطیف شطرنج کا مہرہ ہے، اصل سوچ ان کی ہے جوبانی ایم کیوایم بننا چاہتے ہیں، نوازشریف بانی ایم کیو ایم کی طرح بننا چاہتے ہیں لیکن ان کا انجام یاد رکھیں، بانی ایم کیوایم اور نوازشریف بھی لندن سے واپس نہیں آسکتے جب کہ مریم نوا زبھی لندن جانا چاہتی ہیں مگران کو جانے نہیں دیں گے، ان کی درخواست ضمانت مسترد کرانے کا نیب کا اقدام قابل تحسین ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہم وفاقی جماعت ہیں اور ہمارا دل بھی بڑا ہے، ہم پارلیمانی اصلاحات پر بات کرنے اور آگے بڑھنے کو بھی تیار ہیں لیکن ن لیگ اورپیپلزپارٹی کے ساتھ کیسزپرکوئی مذاکرات نہیں ہوسکتے، ہم ن لیگ اورپیپلزپارٹی کے رہنماؤں کو جیلوں میں نہیں بھیجنا چاہتے، آپ پلی بارگین کریں پھر چاہیں لندن یا سوئٹرزلینڈ میں رہیں ہماری جان چھوڑیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن حکومت کے مینڈیٹ کو تسلیم کرے تو حکومت بات چیت کے لیے تیار ہے لیکن اپوزیشن سے صرف کیسزکے حوالے سے بات نہیں ہوسکتی۔