Time 16 مارچ ، 2021
پاکستان

استعفوں کا معاملہ، پی پی کا سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلانےکا فیصلہ

پاکستان  پیپلزپارٹی نے استعفوں کے معاملے پر  پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

 ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی استعفوں سے متعلق فیصلے کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کی تاریخ کا اعلان جلد ہوگا۔

خیال رہےکہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے حکومت کے خلاف لانگ مارچ ملتوی کردیا ہے۔

پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے  اپوزیشن اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کے ساتھ استعفوں کو وابستہ کرنے کے حوالے سے 9 جماعتیں اس کےحق میں تھیں اور پیپلزپارٹی کو اس سوچ پر تحفظات تھے، پی پی نے وقت مانگا ہے کہ ہم پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی طرف رجوع کریں گے اور پھر پی ڈیم کو اپنے فیصلے سے آگاہ کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ ہم نے پیپلزپارٹی کو موقع دیا ہے اور ہمیں ان کے فیصلے کا انتظار ہوگا لہٰذا 26 مارچ کا لانگ مارچ پیپلزپارٹی کے جواب تک ملتوی تصور کیا جائے۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی قیادت سے گزارش کی کہ ہمیں وقت دیں ، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی پہلا سیشن استعفوں کے حق میں نہیں تھا، اس سلسلے میں ہم سی ای سی کی طرف جائیں گے ۔

مزید خبریں :