16 مارچ ، 2021
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد کے علاج کے اخراجات اٹھانےکا اعلان کیا ہے۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق توصیف احمد پاکستان کرکٹ کا اثاثہ ہیں، توصیف احمد کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، وہ جب تک سفر کے قابل نہیں ہوں گے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں رہیں گے ۔
ادھر سابق اسپنر توصیف احمد پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں زیرعلاج ہیں، توصیف احمد کی اینجیو پلاسٹی کا عمل مکمل ہوگیا ہے، توصیف احمد کے بھتیجے سیف الدین کے مطابق سابق کرکٹر توصیف احمد کو دو اسٹنٹ ڈالے گئے ہیں، وہ ابھی ریکوری سینٹر میں موجود ہیں،12 گھنٹے آبزرویشن میں رہنے کے بعد ان کو دوسرے وارڈ میں منتقل کیا جائےگا۔
سیف الدین نے بتایا کہ اسپتال میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا، پرامید ہیں توصیف احمد کو جلد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا جائے گا ۔
خیال رہے کہ سابق کرکٹر توصیف احمد کو اتوار کی رات لاہور میں ایک شادی کی تقریب کے دوران دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔