17 مارچ ، 2021
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر اپنے بڑے بھائی و پارٹی کے قائد نواز شریف سے ٹیلی فون پر بات کی۔
لاہور کی احتساب عدالت کے جج امجد نذیرچوہدری نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل ریفرنس پر سماعت کی جبکہ شہباز شریف کو سخت سیکیورٹی میں عدالت لایاگیا۔
عدالت نے گواہوں سعید اختر، علی ارسلان اور حنیف اختر کے بیانات قلمبند کر کے جرح مکمل کر لی اورمزید گواہوں محمد سلیم، مزمل حسین، عثمان حنیف اور یاسر شبیرکو 24 مارچ کو ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
پیشی کے موقع پرشہباز شریف کی بڑے بھائی نواز شریف سے ٹیلیفونک گفتگو بھی ہوئی اور دونوں بھائیوں نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے گزشتہ روز کے اجلاس اور آئندہ کی پیش بندی کے حوالےسے تبادلہ خیال کیا۔
شہباز شریف کی واپسی پر کارکن ان کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے ساتھ ساتھ دوڑتے رہے، اس موقع پران کی پولیس سے دھکم پیل بھی ہوئی۔