شاہد خاقان کا الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کیخلاف بیان مضحکہ خیز ہے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ  شاہد خاقان عباسی کا الیکٹرونک  ووٹنگ مشینوں کے استعمال کے خلاف بیان مضحکہ خیز  ہے۔

ٹوئٹر پر  ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ  آپ کو پتا ہی نہیں ووٹنگ مشین کے سیکیورٹی فیچرز کیا ہیں وہ کام کیسے کرتی ہے ؟ بیان پہلے داغ  دیا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ویسے تو آپ لوگ حالت صدمہ میں ہیں، لیکن ویسے مریم بی بی کی نابالغ لیڈرشپ میں آپ لوگ ہوش و حواس اڑا بیٹھے ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم کی جانب سے انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی قائم کرنے کے لیے اسپیکر کو لکھے گئے خط پر تنقید کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ  آج ملک میں الیکشن چوری کرنےکا نیا ذریعہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، جو خود متنازع الیکشن کے نتیجے میں اقتدار میں آئے وہ انتخابی اصلاحات کی بات کر رہے ہیں ۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ یہ الیکٹرونک ووٹنگ کی بات کرتےہیں،مشینیں ہی غائب ہوگئیں توکہاں ڈھونڈیں گے اور مشینوں سےڈیٹا ہی غائب ہوگیا تو کون ڈیٹا ڈھونڈ کر لائےگا۔

مزید خبریں :