صحافی اجے لالوانی کا انتقال سول اسپتال کے عملے کی غفلت سے ہوا، کزن کا الزام

سکھر میں قتل ہونے والے صحافی اجے لالوانی کے کزن پردیپ نے سول اسپتال کے عملے پر کوتاہی کا الزام عائد کردیا۔

مقتول صحافی کے کزن نے کہا کہ اجے لالوانی کا انتقال عملے کی غفلت کی وجہ سے ہوا، سول اسپتال کے عملے نے پہلے بتایا کہ جسم میں گولی نہیں اور صرف طبی امداد دی گئی۔

ان کا کہنا تھاکہ اگلے روز درد بڑھنے پر ٹیسٹ کرائے تو گولی جسم میں ہی تھی۔

اس حوالے سے میڈیکل سپرٹنڈنٹ (ایم ایس) سول اسپتال ڈاکٹر تسنیم خمیسانی نے کہا کہ الٹرا ساؤنڈ میں کچھ چیزیں واضح نہیں آتی، اسی لیے اگلے روز سٹی اسکین کرایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ورثا کی تحریری شکایت پرانکوائری کرائی جائے گی اور انکوائری میں غفلت ثابت ہوئی تو کارروائی کی جائےگی۔

خیال رہے کہ نجی ٹی وی سے منسلک صحافی اجے لالوانی کو بدھ کی رات مسلح شخص نے فائرنگ کرکے زخمی کیا تھا جو سول اسپتال سکھر میں زیرعلاج تھے اور جمعرات کو زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے۔

مزید خبریں :