25 مارچ ، 2021
لاہور: گلدشت ٹاؤن میں پولیس مقابلے کے دوران 2 مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایس ایچ او تھانہ سرور روڈ فاروق اعظم بھی زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کے تبادلے کی موبائل فون فوٹیج جیو نیوز نے حاصل کر لی ہے جس میں پولیس کو علاقے کی ناکہ بندی کرکے چھتوں پر چڑھے دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس اور ڈاکوؤں میں دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس میں ایس ایچ او فاروق اعظم ،ہیڈ کانسٹیبل اسلام الحق ،55 سالہ خاتون نسیم بی بی اور راہگیر بچہ احمد زخمی ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گلدشت ٹاؤن پولیس نے 2 نامعلوم افراد کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے فائرنگ کردی جس سے کانسٹیبل محسن زخمی ہوگیا جب کہ ڈاکو بھاگ کر ایک شہری نذیر احمدکے گھر میں گھس گئے۔
پولیس کے مطابق پولیس کی بھاری نفری جب وہاں پہنچی تو فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا اور اس دوران 2 ڈاکو مارے گئے۔