Time 26 مارچ ، 2021
پاکستان

قرنطینہ میں میڈیا ٹیم سے ملاقات، وزیراعظم سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں

کورونا میں مبتلا وزیراعظم عمران خان  قرنطینہ میں اجلاس کی صدارت کرنے پر سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کا شکار ہیں۔

 گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ  ٹوئٹر پرسینیٹر شبلی فراز  نے  وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس کی تصویر  شیئر کی  تھی۔

سینیٹر شبلی فراز کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں وزیراعظم عمران خان کے علاوہ شبلی فراز ، ذلفی بخاری اور سینیٹر فیصل جاوید بھی نمایاں ہیں۔

ٹوئٹر پر ایک صاحب نے شبلی فراز کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ٹوئٹ سفاکانہ اور غیر ذمے دارانہ ہے۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ عوام کو بھاشن دینےوالے خود بھی ایس او پی پر عمل درآمد نہیں کرتے۔ جب کہ کسی نے کہا کہ جناب پریڈ میں نہیں گئے کہ کورونا ہے لیکن اپنی میڈیا ٹیم کو گھر پر ہی بلالیا۔

 ایک صارف نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تصویر سے قوم کو کیا سبق دیا جارہا ہے؟ جب کہ ایک نے لکھا کہ ایسی تصویر  تنقید کو دعوت دے گی۔

ایک اور صاف نے کہا کہ آج ٹیکنالوجی کے دور میں وزیراعظم اپنی میڈیا ٹیم کے ساتھ ورچوئل اجلاس کیوں نہیں بلا سکے۔


مزید خبریں :