28 مارچ ، 2021
محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے مسلم لیگ ن کی رکن قومی اسمبلی مائزہ حمید کے شوہر اور تہمینہ دولتانہ کے بھائی کو کل طلب کرلیا۔
اینٹی کرپشن پنجاب نے ن لیگی کی ایم این اے مائزہ حمید کے شوہر عمر ارشد گجر اور سینئر رہنما تہمینہ دولتانہ کے بھائی میاں زاہد دولتانہ کو 29 مارچ کو طلب کیا ہے۔
دونوں پرمحکمہ انہار کے عملے سے ملی بھگت کرکے15سال سے سرکاری زمین پر قابض ہونے کا الزام ہے۔
ڈی سی وہاڑی نے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کو مائزہ حمید کے شوہر عمر ارشد گجر اور تہمینہ دولتانہ کے بھائی زاہد دولتانہ کے خلاف اندراج مقدمہ کے لیے2 الگ الگ ریفرنسز بھیجے ہیں۔
ریفرنسز میں کہا گیا کہ عمر ارشد گجر15سال سے وہاڑی میں محکمہ انہار کی 63 کنال اراضی اور زاہد دولتانہ محکمہ انہار کی 48 ایکڑ زمین پر قابض ہیں۔
ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب نے معاملے کی چھان بین کے لیے ریجنل ڈائریکٹر ملتان کو انکوائری کا حکم دیا ہے، انکوائری کے بعد تمام متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔