,
Time 31 مارچ ، 2021
پاکستان

کورونا ویکسین کی دوسری خوراک کا میسج نہ آئے تو کیا کریں؟

— فائل فوٹو

محکمہ صحت پنجاب نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین لگوانے والوں کو اگر دوسری خوراک کا پیغام نہ آئے تو وہ 21 دن بعد خود ہی ویکسی نیشن سینٹر سے رجوع کر لیں۔

پنجاب میں ویکسین لگوانے والوں کو دوسری خوارک کے لیے نادرا سے پیغام موصول نہ ہونے کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔

پنجاب میں کورونا ویکسین کی پہلی خوراک دینے کے بعد محکمہ صحت کی جانب سے شہریوں کو کوئی کارڈ یا سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جا رہا حالانکہ سندھ میں باقاعدہ سرٹیفکیٹ دیا جارہا ہے۔

اس کارڈ پر دوسری خوراک کی تاریخ بھی درج ہوتی ہے اور سسٹم میں خرابی کی صورت میں اگر نادرا کی جانب سے دوسری خوراک کا کوڈ موصول نہ ہو سکے تو یہ کارڈ مددگار ثابت ہوتا ہے۔

برطانیہ جیسے ترقی یافتہ ملک میں بھی ویکسین کی پہلی خوراک لگنے پر کارڈ جاری کیے جا رہے ہیں۔

پنجاب میں بزرگ افراد کا کہنا ہے کہ ویکسین لگنے کا ان کے پاس تو کوئی ثبوت ہی نہیں، موجودہ وبائی صورت حال اور اس عمر میں نادرا آفس جا کر کارڈ لینے کے لیے لائنوں میں نہیں لگ سکتے۔

محکمہ صحت پنجاب کے حکام کہتے ہیں کہ این سی او سی کے فیصلے کے مطابق ویکسین کی دوسری خوارک لگنے کے بعد نادرا کے ذریعے سرٹیفکیٹ حاصل کیا جا سکتا ہے، یہ بات بھی زیر غور ہے کہ نادرا کے تعاون سے ویکسی نیشن کرانے والوں کو سینٹر پر ہی کارڈ دے دیے جائیں تاکہ لوگوں کو نادرا آفس نہ جانا پڑے۔

محکمہ صحت کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر نادرا کی جانب سے میسج نہ آئے تو بھی ویکسی نیشن کی پہلی خوراک لینے والے افراد 21 روز بعد دوسری خوراک کے لیے متعلقہ سینٹرز پہنچ جائیں۔

اس پر وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ 10مارچ کو کورونا ویکسین لگوانےوالےیکم اپریل کودوبارہ ویکسین لگوائیں اور دوسری ڈوز کے لیے بزرگ شہری اسی سینٹر جائیں جہاں پہلی ڈوزلگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں 126 کورونا ویکسی نیشن سینٹر بنائے گئے ہیں جو اتوارکےروزبھی کھلےرہیں گےاور ان پر وافر مقدار میں ویکسین موجود ہے۔

مزید خبریں :