وزیراعلیٰ سندھ کا دو ہفتے کے مکمل لاک ڈاؤن پر زور

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا کے زور کو توڑنے کے لیے ایک بار  پھر 2 ہفتوں کے لیے انٹر سٹی ٹرانسپورٹ مکمل بند کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کورونا کی وبا بہت خطرناک ہے، مجھ میں اینٹی باڈیز ہیں لیکن میں پھر بھی کورونا سے ڈرا ہوا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں آٹے میں نمک کے برابر بھی ویکسین نہیں لگی، ہم ویکسین لگا سکے اور نا ہی منگوا سکے۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کریں یا نا کریں، اسمارٹ لاک ڈاؤن، مائیکرو لاک ڈاؤن کچھ نہیں ہوتا، کم از کم دو ہفتے کے لیے انٹرسٹی ٹرانسپورٹ بند کریں، کورونا پر حکومت سندھ کے اقدامات کو پہلے بھی سب نے فالو کیا، ہمیں لاک ڈاؤن کر کے کورونا وبا کا زور توڑنا ہو گا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کے لاک ڈاؤن کا مذاق اڑایا ،  وفاق کہتا ہے کہ معیشت بچانی ہے حالانکہ ہماری معیشت سب سے کمزور  ہے، معیشت کی تباہی کی وجہ سے ہی وزیر کو نکالنا پڑا جبکہ حکومت سندھ کی کورونا پالیسیوں کی وجہ سے پورے ملک کو فائدہ ہوا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کورونا سے متعلق اجلاس آج ہو گا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی شریک ہوں گے۔

مزید خبریں :