Time 01 اپریل ، 2021
پاکستان

سندھ حکومت آئی جی سندھ سے ناراض ہوگئی

کراچی: سندھ حکومت آئی جی سندھ کی جانب سے براہ راست وفاقی حکومت کو خط لکھنے پر مشتاق مہر سے ناراض ہوگئی۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے  آئی جی سندھ مشتاق مہر کو خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ براہ راست خط لکھنا سندھ حکومت کے قوائد 1986 کی خلاف ورزی ہے، کوئی بھی سرکاری افسر، وفاق اور دیگر صوبائی حکومتوں کو وزیر اعلٰی سندھ کی منظوری کے بغیر خط نہیں لکھ سکتا۔

جیونیوز نے آئی جی سندھ مشتاق مہر کو سندھ حکومت کے لکھے گئے خط کی وجوہات معلوم کرلی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  سینٹرل پولیس آفس نے ترقی پانے والے افسران کو ریلیو کرنے کا خط محکمہ داخلہ کو لکھا اور خط کی ایک کاپی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد کو بھی بھجوائی گئی۔

سینٹرل پولیس آفس کے مطابق یہ ایک عام مشق ہے جو ہمیشہ کی جاتی ہے اور ذرائع نے دعویٰ کیا کہ خط کی کاپی اسلام آباد بھجوانے پر ناراضگی ہوئی۔

حال ہی میں سندھ پولیس میں تعینات ایس پیز کو اگلے عہدے پر ترقی دی گئی، جن میں ملک مرتضی، حیدر رضا اور عمران ریاض شامل ہیں۔

مزید خبریں :