01 اکتوبر ، 2012
پالی کیلے … ورلڈ ٹی 20 سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں سری لنکا نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو19 رنز سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا، گروپ ون سے میزبان سری لنکا اور ویسٹ انڈیز سیمی فائنل میں پہنچ گئے، لستھ مالنگا نے 5 وکٹیں لیں۔ پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں 170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ پر 150 رنز بناسکی، انگلش ٹیم کو شروع سے ہی مشکلات کا سامنا رہا اور محض 18 رنز پر اس کے تین مستند کھلاڑی پویلین لوٹ گئے جب لستھ مالنگا نے اپنے دوسرے اوور میں لیوک رائٹ12، الیکس ہالز 2اور جونی بیئر اسٹو 3 کی وکٹیں حاصل کیں۔ سمت پٹیل 48 گیندوں پر 67 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، انہوں نے 2 چھکے اور 8 چوکے لگائے، گریم سوان 34 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔ سری لنکا کی جانب سے لستھ مالنگا نے 31 رنز کے عوض 5 وکٹیں لیں، انہیں بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اکیلا دانن جایانے 2 ، جیون مینڈس اور کولا سیکارا نے ایک ایک وکٹ لی۔