Time 22 اپریل ، 2021
پاکستان

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج زمین کا عالمی دن منایا جارہا ہے

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج زمین کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔

 اس سال ارتھ ڈے کی تھیم 'زمین کو بحال کرو' ہے، زمین انسانی زندگی کا مرکز ہے اور اس کے تحفظ کے لیے دنیا بھر میں آن لائن کانفرنسز ہورہی ہیں۔

ماحولیاتی تبدیلیاں، جنگلات کا کٹنا، گلیشئرز کا پگھلنا اور صاف پانی کی قلت جیسے مسائل نے زندگی کا وجود رکھنے والے واحد سیارے کو بری طرح متاثر کر رکھا ہے، صنعتوں اور ٹریفک کے ازدحام سے پیدا ہونے والی بے پناہ آلودگی اس کے علاوہ ہے، جس کے باعث ہوا میں مضرصحت ذرات کی مقدر اس قدر بڑھ چکی ہے کہ اس نے انسانوں کی اوسط عمر کو گھٹانا شروع کردیا ہے۔

 امریکی محقق پروفیسر گیبرئیل نے جیو نیوز کو بتایا کہ یہ ماحولیاتی تبدیلیاں پاکستان پر تیزی سے اثر انداز ہورہی ہیں۔

اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے آن لائن اجتماعات پر ہی اکتفا کیا جارہا ہے، لیکن اس کا مثبت پہلو یہ بھی ہے کہ اس میں دنیا بھر سے کوئی بھی شرکت کرسکتا ہے، حال ہی میں گوگل ارتھ کے متعارف کرائے گئے فیچر کی مدد سے اب دنیا میں کسی بھی خطے کا تینتس سالہ ٹائم لیپس بھی دیکھا جاسکتا ہے، مثال کے طور پر کراچی کو ہی دیکھ لیجیئے، ساحلی پٹی کیسے آباد ہوئی، سبزہ کیسے کم ہوتا چلا گیا،اور شہر، کنکریٹ کا جنگل بنتا چلا گیا۔

اس ارتھ ڈے پر یہ جاننا ضروری ہے، کہ زمین ہے تو جان ہے، اور جان ہے تو جہان ہے۔

مزید خبریں :