27 اپریل ، 2021
قومی احتساب بیورو (نیب) نے جعلی اکاونٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری کے خلاف 8 ارب روپے سے زائد کی بدعنوانی کا ریفرنس دائر کردیا۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا گیا ہے جس میں آصف زرداری اور مشتاق احمد کو ملزم نامزد کیا گیا۔
ریفرنس کے مطابق مشتاق احمداور نجی سوسائٹی کے درمیان 8.3 ارب روپے کی غیرقانونی ٹرانزیکشن ہوئی اور کراچی کے پوش علاقے میں 8.3 ارب روپےسےجائیدادیں خریدی گئیں۔
ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ یہ جائیدادیں آصف زرداری کی ملکیت ہیں۔
ریفرنس میں نامزد ملزم مشتاق احمد 2009 سے 2013 تک ایوان صدر میں سرکاری ملازم رہے ہیں جبکہ ملزم مشتاق احمد کو سینیٹر رخسانہ بنگش کے کہنے پر اسٹینو ٹائپسٹ بھرتی کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مشتاق احمد ماڈل گرل ایان علی کی گرفتاری کے وقت ائیرپورٹ پر موجود تھے۔