13 فروری ، 2012
راولپنڈی … آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہاہے کہ نیٹو اور امریکا سے تعلقات کی پالیسی پارلیمنٹ نے ہی طے کرنی ہے، ایئرچیف مارشل راوٴ قمر سلیمان کا کہنا ہے کہ امریکا سے ملنے والے ایف سولہ طیاروں میں ایسی کوئی چیز نہیں جوانہیں امریکی طیاروں کے خلاف استعمال سے روکے۔آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور ایئرچیف مارشل راوٴ قمر سلیمان جیکب آباد کے شہباز ایئربیس پر میڈیا سے بات کر رہے تھے ۔ آرمی چیف نے کہاوزیراعظم نے کہہ دیا ہے کہ نیٹو سے متعلق پالیسی پر پارلیمانی عمل جاری ہے، نیٹو اور امریکا سے تعلقات کے بارے میں فیصلہ پارلیمنٹ نے کرنا ہے، ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں طاقت کا استعمال کم سے کم رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے جب کہ نئے ایف 16 طیاروں سے ملکی دفاع مضبوط ہوگا۔ ایئرچیف مارشل نے میڈیا کو بتایاکہ شہباز ایئربیس مکمل طور پر پاک فضائیہ کے کنٹرول میں ہے،امریکا سے ملنے والے ایف 16 طیاروں میں ایسی کوئی چیز نہیں جو امریکی طیاروں کو نشانہ بنانے سے روک سکے۔