’پی ڈی ایم کے ساتھی ہم سے نہ لڑتے توشاید مرکزی حکومت سے جان چھڑاچکے ہوتے‘

پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نہیں چھوڑی، پی ڈی ایم کےکچھ دوستوں نےغیرذمے داری کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے بغیرپی ڈی ایم اجلاس کرکے فیصلے کرنا درست نہیں تھا، اگر ساتھی ہم سے نہ لڑتے توشاید مرکزی حکومت سے جان چھڑاچکے ہوتے۔

پنجاب سیکرٹریٹ میں عہدوں سے مستعفی ہونے کے بعد آفس اسٹاف اور کارکنوں سے ملاقات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے پیپلز پارٹی کے حوالےسے جو الفاظ ادا کیے وہ واپس لیں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کا آغاز پیپلزپارٹی نے 2008 میں کیا تھا۔ پیپلزپارٹی کی قیادت ہمیشہ اس ملک میں شفاف انتخابات کی حامی رہی ہے، ہمارےہی خلاف تو دھاندلیاں ہوتی رہیں، پیٹریاٹ بناتےرہے۔

قمرزمان کائرہ نے اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی علاج کی غرض سے بیرون ملک روانگی کی حمایت کی۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عدالتی نظام درست نہیں، فوری اور سستا انصاف عام آدمی کو میسر نہیں ہے۔

وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پہلے دورے کے وعدے پورے نہیں ہوئے اب دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے ۔

مزید خبریں :