رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کے جسمانی ریمانڈ میں 2 روز کی توسیع

لاہور کی مقامی عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کے جسمانی ریمانڈ میں 2 روز کی توسیع کردی۔

ماڈل ٹاؤن کچہری میں جوڈیشل ڈیوٹی مجسٹریٹ کے روبرو جاوید لطیف کی پیشی ہوئی۔ سرکاری وکیل نےعدالت کو بتایا کہ پولی گرافک سمیت 3 ٹیسٹ کرا لیے تاہم جاوید لطیف کے دوسرے موبائل میں واٹس ایپ گروپس دیکھنے ہیں لہٰذا استدعا ہےکہ جاوید لطیف کا مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ دیاجائے۔

اس موقع پر جاوید لطیف نے خود دلائل دیے اورکہا کہ اگر وہ بھی ملک کے نقصان پر خاموش رہتے تو سب خوش ہوجاتے، ان کے وکلا نے اپنا وکالت نامہ واپس لے لیا ہے، عدالت جتنا چاہے ریمانڈ دے دے، انہیں ساری زندگی بھی پولیس کے حوالے کردیں لیکن ان کی آواز تو بند نہ کرائیں۔

عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو بعد میں سنایا گیا۔ عدالت نےجاوید لطیف کو مزید 2 روز کیلئے پولیس کے حوالے کردیا۔

جاوید لطیف کی پیشی کے موقع پرسیکیورٹی کے سخت انتظامات کیےگئےتھے۔

مزید خبریں :