پاکستان
13 فروری ، 2012

موجودہ حکومت کے 4 سال:5ویں مرتبہ سیکریٹری خزانہ کی تبدیلی

موجودہ حکومت کے 4 سال:5ویں مرتبہ سیکریٹری خزانہ کی تبدیلی

اسلام آباد … موجودہ حکومت کے 4 سالہ دور میں پانچویں مرتبہ سیکریٹری خزانہ کی تبدیلی کی گئی ہے اور ڈاکٹر وقار مسعود کو اس عہدے سے ہٹا کر سیکریٹری اقتصادی امور بنادیا گیا ہے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق سیکریٹری اقتصادی امور واجدرانا کو سیکریٹری خزانہ بنانے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے اور دونوں سیکریٹریز ایک دوسرے سے چارج کا تبادلہ کرینگے۔ ادھر ممبر کسٹم ممتاز حیدر رضوی کو گریڈ 22 میں ترقی دے کر چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا اضافی چارج دیا گیا ہے جبکہ قائمقام چیئرمین محمود عالم سیکریٹری ریونیو بنائے گئے ہیں۔ وزارت خزانہ کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ حکومت آئندہ چند ماہ کے دوران 300 سے 500 ارب روپے کے اضافی اخراجات کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ اس سال جولائی سے دسمبر تک جاری اخراجات میں 133 ارب روپے کی کمی کی گئی ہے اور پیٹرولیم لیوی سے بھی 60 ارب روپے جمع ہوئے ہیں جبکہ ایل پی جی اور گیس پر ڈیولپمنٹ ٹیکس لگانے سے مزید 20 ارب روپے کی آمدنی متوقع ہے۔ یہ رقوم بجلی کی سبسڈی، سرکلر ڈیٹ ختم کرکے لوڈ شیڈنگ میں کمی، ایل پی جی کی قیمت میں کمی پر خرچ کی جائے گی جبکہ ترقیاتی بجٹ کے لئے بھی فنڈز بروقت جاری کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :