ماؤتھ واش آرڈر کرنے والا شخص پارسل دیکھ کر حیران رہ گیا

فوٹو سوشل میڈیا

بھارتی شہری نے دنیا کی معروف آن لائن ریٹیل کمپنی ایمازون سے ماؤتھ واش آرڈر کیا لیکن موصول ہونے والے پارسل کو دیکھ کر وہ حیران رہ گیا۔

آن لائن آرڈر میں بعض اوقات انسان کو  دھوکا کھانا پڑ جاتا ہے جو اسے مہنگا بھی پڑتا ہے لیکن کبھی کبھی وہ دھوکے فائدہ مند بھی ثابت ہو جاتے ہیں۔

بھارت کے شہر ممبئی سے تعلق رکھنے والے لوکیش داگا نے ٹوئٹر  پر  ایک پوسٹ شیئر کی جس میں اس نے اپنے ساتھ پیش آنے والے حیران کن واقعے کی تفصیل بتائی۔

صارف نے دو تصاویر شیئر کیں، ایک اپنے آرڈر کا اسکرین شاٹ جب کہ دوسری تصویر فون کی تھی جو انہیں کمپنی نے غلطی سے بھیج دیا۔

لوکیش داگا نے ایمازون کے اکاؤنٹ کو مینشن کرتے ہوئے اپنا آرڈر نمبر  بتایا اور ساتھ ہی کہا کہ وہ اسے واپس کرنے کی درخواست ایپ کے ذریعے دائر کرنے سے قاصر ہیں کیونکہ وہاں ایسا کوئی آپشن موجود نہیں ہے۔

اس منفرد واقعے کے بعد ٹوئٹر صارفین بھی پیچھے نہ رہ سکے اور لوکیش کو انوکھے مشورے دینے شروع کر دیے۔

ایک صارف نے لکھا کہ یہ فون آپ اپنے پاس رکھیں اور قریبی کریانہ اسٹور سے ماؤتھ واش لے آئیں۔

بھانو سنگھ نامی صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے، مجھے فون کی ضرورت ہے یہ آپ مجھے دے دیں، میں آپ کے لیے دو ماؤتھ واش آرڈر کرلوں گا، آپ بھی خوش اور میں بھی خوش۔

واضح رہے ایمازون کمپنی کی نو ریٹرن پالیسی ہے جس کے تحت کوئی بھی خریدا گیا سامان واپس نہیں کیا جاسکتا لہذا لوکیش داگا ماؤتھ واش کی جگہ موصول ہونے والے اسمارٹ فون کے مزے لے سکیں گے۔ 

مزید خبریں :