17 مئی ، 2021
بلوچستان کابینہ میں اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں اور اسپیکربلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو سمیت ناراض وزرا نے مستعفی ہونےکا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو و دیگر وزرا چند دنوں میں استعفے دیں گے،اسپیکربلوچستان اسمبلی و دیگر وزرا نے وزیراعلیٰ جام کمال کےساتھ مزید نہ چلنےکا فیصلہ کیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق سرداریار محمدرند، ظہوربلیدی سمیت 4 وزرا استعفےدینےکا اعلان کریں گے،اسپیکرو وزراکا مؤقف ہے کہ ان کے خلاف وزیراعلیٰ کی سیاسی انتقامی کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ جام کمال نےاسپیکر بلوچستان اسمبلی پر حکومتی ارکان سے امتیازی سلوک اور اپوزیشن کوزیادہ وقت دینےکاالزام لگایا ہے، عید سے قبل وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیر بلدیات صالح بھوتانی سے وزارت بھی واپس لی تھی۔