19 مئی ، 2021
فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی پریس کلب پر مظاہرہ کیا گیا جس میں صحافیوں ،ڈاکٹروں، وکلا، مزدور رہنماؤں، فنکاروں، طلبا اور سول سوسائٹی کے سیکڑوں افراد شریک ہوئے۔
مظاہرے میں کراچی یونین آف جرنلسٹس(کے یو جے)، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے)، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن(پی ایم اے)، نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن(این ٹی بی اے)، ہوم بیسڈ ویمن ورکرز ایسوسی ایشن ، کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن اور اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی ، تنظیم اسلامی اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
مظاہرے میں اداکارہ مائرہ خان، فیصل قریشی، عائشہ عمر اور ذوالفقار جونیئر سمیت شو بز سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی شریک ہوئیں۔
مظاہرین نے عالمی برادری سے خاموشی توڑنے اور اسرائیلی مظالم پر آنکھیں کھولنے کا مطالبہ کیا اور نیتن یاہو کی اسرائیلی حکومت کو مافیا قرار دے دیا۔
شرکا کا کہنا تھا کہ بچوں اور خواتین سمیت فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے جنگی جرائم عالمی برادری کے منہ پر طمانچہ ہیں،میڈیا اسرائیل کا ظلم دنیا کے سامنے لایا،تو اس کا بدلہ اس نے میڈیا ہاؤسز کو تباہ کرکے لیا۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بیت المقدس کی تصاویر اٹھارکھی تھیں جب کہ مظاہرے میں شریک خواتین نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے فلسطینی رومال اوڑھے اور فلسطینی پرچم لہرائے، مظاہرے کے شرکا ریلی کی شکل میں ریگل چوک تک بھی گئے۔