Time 20 مئی ، 2021
پاکستان

صوبائی اسمبلی میں فارورڈ بلاک بننےکے خدشات پر پنجاب حکومت میں ہلچل

پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے فارورڈ بلاک بننے کے خدشات پر پنجاب حکومت میں ہلچل مچ گئی ہے اور رابطے اور ملاقاتیں تیز ہوگئی ہیں۔ 

 وزیراعلیٰ پنجاب  عثمان بزدار اور وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی ملاقات ہوئی ہے، ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ کوئی ڈر نہیں،سیاست میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے۔

 عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ نفاق کے بیج بونے والوں کوپہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے ،سیاست میں برداشت اوربھائی چارے کے قائل ہیں۔

اس کے علاوہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنی سیاسی ٹیم کا مشاورتی اجلاس بھی بلالیا ہے جس میں وزیرقانون سمیت اہم وزرا شریک ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ دو دن میں 50 سے زائد ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں کرچکے ہیں، اس دوران ترین گروپ کے ارکان بھی وزیراعلیٰ سے ملے جس میں وزیراعلیٰ نے انتقامی کارروائیوں کی تردید کی۔

دوسری جانب جہانگیر ترین کے قریبی ساتھی راجہ ریاض نے دعویٰ کیا ہےکہ وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب سے ان سے رابطہ کیا گیا ہے اور ان کی عثمان بزدار سے ملاقات کا امکان ہے۔

راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ ہاوس نے کہا ہے کہ تحفظات دور کرنے کو تیار ہیں۔

خیال رہےکہ گزشتہ روز جہانگیر ترین نے اسمبلیوں میں ہم خیال گروپ کی تشکیل کو پنجاب حکومت کی انتقامی کارروائیوں کا ردعمل قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ اپنی آواز اٹھانے کے لیے گروپ بنایا ہے لیکن پی ٹی آئی کا حصہ ہیں اور رہیں گے۔

مزید خبریں :